بھارت : 15 سالہ لڑکی کا زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل، 3 نوجوان گرفتار
بھارتی ریاست آسام میں 15 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل کے الزام میں 3 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا جن میں ایک 17 سال کا لڑکا بھی شامل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ لڑکی مبینہ طور پر گرفتار ملزمان میں سے ایک کے ساتھ رومانوی تعلق میں تھی، لڑکی کی لاش ہفتے کی رات ایک خالی گھر سے ملی تھی۔ مقتولہ کے جسم پر سنگین تشدد کے نشانات ہیں جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ پر مختلف اشیاء کے ذریعے بہیمانہ تشدد کیا گیا اور چہرے سمیت جسم کے حساس اعضاء کو مسخ کر دیا گیا۔پولیس نے پہلے 5 افراد کو حراست میں لیا تھا، بعد ازاں 17 سے 19 سال عمر کے 3 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ کم عمر ملزمان پر جرم کی سنگینی کے پیشِ نظر بالغ فرد کے مطابق ہی مقدمہ چلایا جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل اور کم عمر بچی سے زیادتی کی دفعات کے علاوہ بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔پولیس نے متعدد افراد کے موبائل فون قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔قتل کا محرک ابھی واضح نہیں تاہم شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان مقتولہ اور اس کے گھر سے اچھی طرح واقف تھے اور ان کے درمیان پہلے سے رابطے موجود تھے۔