کل سے مون سون کے نئے دھواں دھار سپیل کی اینٹری، ملک بھر میں کہاں کہاں برسے گا؟
کل سے مون سون کے نئے اور دھواں دھار سپیل کی آمد ہو رہی ہے جو ملک کے مختلف حصوں میں گرجے اور برسے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل 29 جولائی سے ملک میں مون سون کا ایک اور سپیل داخل ہو رہا ہے، جو 5 اگست تک جاری رہے گا اور اس بار بھی بادل جم کر برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ نیا سپیل چاروں صوبوں میں گرجے اور برسے گا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے۔
نیا سپیل اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔نئے سپیل میں کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ جب کہ ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔اس کے علاوہ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔