لاہور ہائیکورٹ کے نامزد 10 ایڈیشنل ججز کی حلف برداری 27 جولائی کو ہوگی
لاہور ہائیکورٹ کے لیے نامزد 10 ایڈیشنل ججز کی حلف برداری تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی منظوری اور وزارتِ قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد حلف برداری کی تقریب 27 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ کے ججز لان میں منعقد ہوگی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نئے تعینات ایڈیشنل ججز سے حلف لیں گی، تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز، لاء افسران، بار عہدیداران اور حلف اٹھانے والے ججز کے اہلِ خانہ بھی شریک ہوں گے۔
حلف اٹھانے والوں میں نامزد ایڈیشنل جج غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد بن عزیز، منور اقبال دوگل، سید فرہاد علی شاہ اور عثمان غنی راشد چیمہ شامل ہیں، جو لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔حلف اٹھانے کے بعد تمام نئے ایڈیشنل ججز اسی روز مقدمات کی سماعت بھی کریں گے، نامزد ایڈیشنل ججز کو ایک سال کے لیے لاہور ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔
نئے ججز کی تعیناتی کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی مجموعی تعداد 50 ہو جائے گی، جبکہ ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد کم ہو کر 10 رہ جائے گی۔
Leave A Comment