تازہ ترین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے میں جاری جنگی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی غیر معمولی معاشی مشکلات اور ممکنہ پیٹرولیم بحران کے پیش نظر صوبے میں فوری اور غیر معمولی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد وسائل کا مؤثر استعمال، عوام کو سہولت فراہم کرنا اور بحران کے اثرات کو کم سے کم کرنا ہے۔

تعلیمی اداروں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی۔ تاہم امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز کے انعقاد کی اجازت ہوگی۔

 پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول کی فراہمی بند کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ مزید برآں صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ناگزیر سیکیورٹی ضروریات کے تحت صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ہمراہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔

حکومت پنجاب نے سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضر ہوگا جبکہ اضافی سپورٹ اسٹاف کی آمد و رفت محدود کی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری امور کی انجام دہی متاثر نہیں ہوگی اور تمام اہم کام جاری رہیں گے۔ سرکاری معاملات کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور "مریم کی دستک" کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات بدستور جاری رہیں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات تک رسائی حاصل رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پیٹرولیم مصنوعات کی مؤثر نگرانی کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس مقصد کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے۔ اس نظام کی تیاری میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

حکومت پنجاب نے سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ لاہور کا معروف ثقافتی میلہ "ہارس اینڈ کیٹل شو" بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے نجی شعبے کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ ورک فرام ہوم پالیسی اپنائیں، غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں اور صرف ضروری عملے کو دفاتر میں طلب کریں۔

مزید برآں تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور زائد یا ناجائز کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح پنجاب میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد کی بھی سخت نگرانی کی جائے گی تاکہ مصنوعی قلت یا مہنگائی کو روکا جا سکے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement