لاہور: غیر قانونی کال سینٹر پر این سی سی آئی اے کا چھاپہ، 2 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے ٹاؤن شپ کے علاقے میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ چھاپے کے دوران 53 ڈیجیٹل آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
این سی سی آئی اے لاہور کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر بلاک ون، سیکٹر اے ٹو ٹاؤن شپ میں واقع ایک مکان پر مجاز عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران ملزمان برطانوی شہریوں کو ٹیلی کام سروسز کے نام پر مبینہ طور پر دھوکہ دینے میں مصروف تھے۔ملزمان اے ٹی اینڈ ٹی کمپین کے تحت برطانوی شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ، سم اونلی پیکجز اور دیگر ٹیلی کام سہولیات پر رعایت کی پیشکش کرتے تھے۔ ملزمان ڈائل اَپ سافٹ ویئر کے ذریعے بیرون ملک شہریوں کو کالز کرکے ان کی مالی معلومات حاصل کرتے اور مبینہ طور پر غیر قانونی لین دین اور ایڈوانس فیس کے ذریعے رقم بٹورتے تھے۔
گرفتار ملزمان میں طیب طارق، علی رضا، عظیم رحمان، محمد عمر، حسیب آصف اور حسنین رضا سمیت 6 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں طیب طارق اور آمنہ طارق کو کال سینٹر کے منتظمین اور مالکان کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔کارروائی کے دوران 28 لیپ ٹاپ، 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 15 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔ ابتدائی جانچ میں ڈیجیٹل آلات سے ڈائل اَپ سافٹ ویئر اور برطانوی شہریوں کو کی جانے والی کالز کا ڈیٹا بھی ملا ہے۔
این سی سی آئی اے نے تمام برآمد شدہ آلات فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر لیے ہیں جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
Leave A Comment