لاہور:بیوی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں پولیس نے شوہر کو بیٹی سمیت گرفتار کر لیا
لاہور کے علاقے کاہنہ میں بیوی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں پولیس نے شوہر کو بیٹی سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو فیصل آباد سے حراست میں لیا گیا۔ملزم انصاف علی اور اس کی بیٹی نے مبینہ طور پر خاتون پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ واقعہ روہی نالہ کے قریب پیش آیا جہاں فیکٹری سے چھٹی کے بعد گھر جاتے ہوئے ماں اور بیٹے کو نشانہ بنایا گیا۔تیزاب گردی کے نتیجے میں خاتون کی گردن، کمر اور دونوں ٹانگیں جبکہ بچے کا دایاں بازو متاثر ہوا۔ متاثرہ ماں اور بیٹے کا جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ نمبر 9358/26 درج کرکے کارروائی کی اور ملزم انصاف علی کو شریک ملزمہ بیٹی سمیت فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ اس کی بیٹی بھی زیر حراست ہے۔