لاہور :نامعلوم افراد نے دودھ فروش کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
شیرا کوٹ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دودھ فروش رحمت کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق رحمت صبح 6 بجے موٹر سائیکل پر دودھ دینے کے لیے جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے کپڑوں سے موبائل فون اور 700 روپے موجود ملے ہیں۔مقتول کی اہلیہ کے مطابق رحمت کا کسی شخص کے ساتھ 3 لاکھ روپے کا لین دین تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ لین دین کے تنازع پر اسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔واقعے کے مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔