پنجاب بھر میں موسم سرما کی پہلی بارش، بالائی علاقوں میں برف باری
لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی پہلی دھواں دھار بارش نے رنگ جمادیا۔ لاہور میں فجر کے بعد گرج چمک کیساتھ تیز بارش ہوئی جس کے بعد ٹھنڈ کا احساس بڑھ گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی ۔ سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شرقپور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، سلانوالی اور بھیرہ میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔
آزاد کشمیر کے پہاڑوں کے بعد شہری آبادیوں میں بھی برفباری ہوگئی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، سیاحتی گاؤں اڑنگ کیل میں برفباری سے ہرطرف سفیدی بکھر گئی۔ گریس ویلی، شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ہوئی۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم تبدیل ہوگیا، وادی لیپہ،ضلع باغ،حویلی کے بلندپہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، آج بھی بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی۔ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔بارش کے باعث بجلی کی ترسیل بھی جزوی طور پر معطل ہوگئی، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Leave A Comment