صدر ، وزیراعظم ، گورنر خیبر پختونخوا ، بلاول اور دیگر رہنماؤں کا پشاور سکول حادثے میں اموات پر اظہار افسوس
صدر مملکت آصف زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے پشاور میں نجی سکول کی چھت گرنے سے اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر زرداری نے پشاور میں سکول کی چھت گرنے سے بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سکول کی چھت گرنے سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور طبی امداد فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری امداد فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پشاور میں سکول کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چھت گرنے سے بچوں اور خاتون ٹیچر کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے، غمزدہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سکول میں چھت گرنے کے نتیجے میں طلباء اور اساتذہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا۔جاں بحق طلبا کے والدین کے غم کی شدت کا احساس ہے، انتظامیہ اپنی امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے اور ملبے تلے دبے افراد کو فی الفور نکالے، لیڈی ریڈنگ سپتال میں لائے گئے زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سانحہ پشاور پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے سکول حادثے میں بچوں کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے بھی کا پشاور دیر کالونی واقعے میں بچوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
Leave A Comment