لاہور : گھریلو جھگڑے پر بھتیجے نے ڈنڈے مار کر تایا کو قتل کر دیا،ملزم فرار
گرین ٹاؤن کے علاقے میں معمولی گھریلو تنازع پر بھتیجے نے اپنے باپ کے ساتھ مل کر تایا کو ڈنڈوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ مقتول کرامت کا اپنے بھائی کے ساتھ کسی گھریلو معاملے پر تنازع چل رہا تھا، جو تلخ کلامی کے بعد شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران مقتول کے بھتیجے الیاس نے اشتعال میں آ کر اپنے تایا پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد ملزم الیاس اور اس کا باپ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔