لاہور : سرکاری افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والا تین رکنی گینگ گرفتار
سرکاری افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے 3 مبینہ کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان مبینہ طور پر بینک اکاؤنٹ بلاک کرنے کی دھمکی دے کر شہریوں سے رقم بٹورتے تھے۔این سی سی آئی اے پنجاب کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عارف، یونس اور ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو بینک اکاؤنٹ بلاک کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیا لیے تھے۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فون برآمد کیے گئے، جبکہ تفتیش کے دوران 12 سے زائد جعلی جاز کیش اکاؤنٹس کا بھی سراغ لگایا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور گروہ کے دیگر ارکان اور فراڈ کی دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔