شاہدرہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 مبینہ ڈاکو ہلاک، ایک گرفتار
شاہدرہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق تین مبینہ ڈاکو ایک گھر میں واردات کرکے فرار ہو رہے تھے۔ پولیس نے انہیں سگیاں پل ناکے پر روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ ایک ملزم زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں کی لاشیں قبضے میں لے لیں۔ ملزمان کے قبضے سے پسٹل، میگزین، گولیاں اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان نے شیخوپورہ میں بھی مبینہ واردات کی تھی، جس کے دوران 2 شہری زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ہلاک اور گرفتار ملزمان کے سابقہ ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔