خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر مریم نواز برہم، پولیس کو 4 ہفتوں کی مہلت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر خصوصی اجلاس ہوا، جس میں خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کیلئے پولیس کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ پولیس افسر کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کیلئے مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا، کسی کو معافی نہیں دیں گے۔انہوں نے منشیات کے خاتمے کیلئے بھی بھرپور اور مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔