لاہور : سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور کے علاقے مزنگ میں سکوٹی سوار لڑکی کو روک کر تشدد کرنے والے موٹرسائیکل سوار ملزم غلام مصطفیٰ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں ملزم کو لڑکی پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ون فائیو پر اطلاع ملتے ہی مزنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ابتدائی طور پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے سکوٹی پر جانے والی لڑکی کو اوورٹیک کرکے روکا، پھر موٹرسائیکل سے اتر کر اسے پکڑا اور زمین پر پٹخ دیا۔ ملزم نے لڑکی کے بال کھینچے، گالم گلوچ کی اور اسے ہراساں کیا، جبکہ موقع پر موجود افراد نے مداخلت کرکے لڑکی کو بچایا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے لڑکی کا بیگ چھین کر زمین پر دے مارا، جس سے تقریباً 85 ہزار روپے مالیت کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔تشدد کے نتیجے میں لڑکی کی ناک کی ہڈی ٹوٹنے کے علاوہ چہرے پر بھی زخم آئے۔ واقعے کے بعد ملزم موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا، جسے موقع پر موجود افراد نے پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔