لیسکو گرین ٹاؤن سب ڈویژن میں ریکوری ٹیم پر مسلح افراد کا دھاوا, ملزم پسٹل سمیت گرفتار
لیسکو سنٹرل سرکل، ٹاؤن شپ ڈویژن کی گرین ٹاؤن سب ڈویژن میں ریکوری ٹیم نے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری پکڑ لی ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ریکوری ٹیم نے لیسکو کے نادہندہ صارف دل نواز کے کنکشن کی چیکنگ کی، جہاں ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ ڈی سی او سٹاف نے موقع پر بجلی چوری کی ویڈیو بھی بنائی۔ بجلی چوری اور نادہندگی کے باعث صارف کا کنکشن منقطع کر دیا گیا۔ بعد ازاں دل نواز اپنے بھائی سمیر کے ہمراہ گرین ٹاؤن لیسکو دفتر پہنچا اور دونوں بھائیوں نے عملے سے گالم گلوچ اور بدتمیزی شروع کردی۔مسلح ملزمان نے ڈی سی او انچارج زاہد کو جان سے مارنے کی کوشش کی، جبکہ یونیفارم میں موجود لیسکو ملازمین اور دفتر میں موجود عوام کو اسلحہ دکھا کر ہراساں کیا اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔موقع پر موجود افراد اور لیسکو ملازمین نے مسلح ملزم کو قابو کرلیا، جس کے بعد 15 پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم سے پسٹل برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔
ایس ای سنٹرل سرکل اور ایکسئین نے واقعے کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔