تازہ ترین

ملتان میں اجرت مانگنے پر درندہ صفت ٹھیکیدار نے 15 سالہ لڑکے کی جان لے لی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق 15 سالہ وسیم عباس بطور الیکٹریشن ملزم توقیر کے پاس کام کرتا تھا، ملزم توقیر مقتول پر تشدد اور قتل کی دھمکیاں بھی دیتا تھا جس خوف سے وہ بھاگا، ملزم نے ساتھی کے ہمراہ کار پر اس کا پیچھا کیا اور قتل کی نیت سے گاڑی اس پر چڑھا دی، گاڑی کی ٹکر سے اس کا سر کوٹھی کے پلر سے لگا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ وسیم نے کچھ دیر پہلے بتایا تھا کہ اس کو ملزمان جان سے مارنا چاہتے ہیں، وہ اپنی جان بچانے کے لئے گلیوں میں دوڑ رہا تھا، گاڑی چلانے والے ملزم توقیر کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی امجد فرار ہوگیا۔متن میں کہا گیا کہ وسیم عباس کے چچازاد مختار نے بتایا کہ ملزمان اس پر تشدد اور جان سے مارنا چاہتے تھے، وسیم عباس کام چھوڑ کر جانا چاہتا تھا، اسی رنجش پر ملزمان نے قتل کی نیت سے اس پر گاڑی چڑھا دی وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

مظفر گڑھ کے رہائشی 15 سالہ لڑکے وسیم کی نماز جنازہ موضع دولت پور میں ادا کر کے آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی، نماز جنازہ میں صرف قریبی رشتہ داروں اور یتیم خانہ کے عہدیداروں نے شرکت کی، مقتول لڑکے کی نعش چچا اور ماموں مظفرگڑھ لے گئے تھے۔

وسیم کی والدہ، ایک چھوٹا بھائی اور ایک چھوٹی بہن ہے، وہ تقریباً ساڑھے 5 سال سے یتیم خانے ملتان میں رہائش پذیر تھا، لواحقین نے حکومت سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ملتان میں 15 سال کے لڑکے وسیم کو بااثر ملزمان نے گاڑی کے نیچے کچل کر قتل کر دیا تھا۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement