تازہ ترین

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے مبینہ طور پر 35 ارب روپے کے فراڈ کا انکشاف کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ملزم فہیم اکرم کے خلاف کارروائی کی ہے.

جبکہ شہر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف تین مختلف کارروائیوں کے دوران 59 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم فہیم اکرم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ایک ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے پانچ ملین سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ ہر ٹکٹ کی قیمت دو امریکی ڈالر وصول کی گئی، جبکہ ان ٹکٹوں کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بتائی گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران کاروبار کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا، جن میں مبینہ طور پر ملزم کے علاوہ اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔ اس معاملے میں ایف آئی آر نمبر 246/2026 درج کی گئی ہے۔این سی سی آئی اے نے ملزم اور اس کے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔ تحقیقات کے دوران مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا گیا، جبکہ ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔کیس کی جامع تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ٹیم جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت، مالی لین دین اور مبینہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی مزید تحقیقات کرے گی۔

 

این سی سی آئی اے لاہور زون نے شہر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 59 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 27 لیپ ٹاپ، 30 کمپیوٹر سسٹمز اور 47 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔

پہلے مقدمے میں 30 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن پر امریکی ٹیلی کام کمپنیوں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون کے نمائندے بن کر صارفین کو موبائل فون اپ گریڈ، رعایتی نیٹ ورک پیکجز اور خصوصی سم آفرز کے نام پر دھوکا دینے کا الزام ہے۔

دوسرے مقدمے میں 14 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اوبر ایٹس سے منسلک ریسٹورنٹس کی ادائیگیوں سے متعلق اکاؤنٹس کی تفصیلات اور تصدیقی کوڈز حاصل کرکے رقوم دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے تھے۔

تیسرے مقدمے میں مزید 15 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن پر امریکی شہریوں کو جعلی موبائل ڈیلز اور رعایتی پیکجز کی پیشکش کرکے مالی فراڈ کرنے کا الزام ہے۔حکام کے مطابق برآمد کیے گئے ڈیجیٹل آلات کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں

Leave A Comment

Advertisement