لاہور : بھانجے کی سفارش کرنا سب انسپکٹر کو مہنگا پڑ گیا، بہن سمیت گرفتار
بھانجے کو پولیس کیس سے چھڑوانے کی مبینہ کوشش سب انسپکٹر کو مہنگی پڑ گئی، کوٹ لکھپت پولیس نے سب انسپکٹر جنید احمد اور اس کی بہن کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں کو حوالات میں بند کردیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر جنید احمد اپنی بہن کے ہمراہ تھانہ کوٹ لکھپت پہنچا اور وہاں گرفتار اپنے بھانجے کو چھڑوانے کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں پر پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی اور گالم گلوچ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔
انویسٹی گیشن ونگ کے سب انسپکٹر محمد اکبر کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق جنید احمد باوردی حالت میں تھانے آیا تھا۔ اس کے بھانجے زین علی عرف سورج کے خلاف مقدمہ نمبر 4174/26 درج تھا، جس میں کوٹ لکھپت پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا۔ جنید احمد انویسٹی گیشن ونگ ہیڈ کوارٹر میں تعینات ہے۔ مقدمہ اختیارات سے تجاوز، کارِ سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔