لاہور ہائیکورٹ:غیر قابلِ راضی نامہ مقدمے میں فریقین کی باہمی صلح ضمانت کیلئے اہم قرار
ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ غیر قابلِ راضی نامہ مقدمے میں فریقین کی باہمی صلح ضمانت کیلئے اہم ہے۔جرم ناقابلِ راضی نامہ ہونے کے باوجود فریقین میں صلح ضمانت کے معاملے میں متعلقہ قانونی پہلو ہو سکتی ہے۔کار واپس نہ کرنے اور فروخت کرنے کے مقدمے میں ملزم محمد اشفاق کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی ۔ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے اور ایک لاکھ روپے کے ضامن کے عوض ضمانت جاری رکھنے کا حکم دیا گیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ فریقین کی باہمی صلح جرم کو قابلِ راضی نامہ نہیں بناتی، تاہم ضمانت کیلئے اسے مدنظر رکھا جاسکتا ہے۔
جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ نے محمد اشفاق کی درخواست ضمانت پر فیصلہ جاری کیا۔لاہورہائیکورٹ کا5 صفحات کا فیصلہ عدالتی نظیر قرار دیا گیا ۔فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ نے عدالت میں پیش ہوکر صلح اور ملزم کی ضمانت پر عدم اعتراض کا واضح بیان دیا۔