اوکاڑہ: گرین بس ملازم پر تشدد، مقدمہ درج .ایک ملزم گرفتار
گرین بس سروس کے ملازم پر تشدد کے واقعہ کا ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر ملک نے سخت نوٹس لے لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق گرین بس نمبر OKR-4 شرقی بائی پاس پر موجود تھی کہ حسن رضا اور فراز نامی دو ملزمان بس میں داخل ہوئے اور ایک ملازم کو باہر نکال کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ شدید مضروب ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے ملازم کی مدعیت میں دونوں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم فراز کو گرفتار کر لیا، جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔ گرین بس کے کیپٹن ناصر نے پولیس کے فوری رسپانس کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔