تازہ ترین

رحیم یار خان(ان لائن) قابل اعتراض مواد اور ذاتی معلومات کو ہتھیار بنا کر خواتین کو مبینہ طور پر بلیک میل اور ہراساں کرنے والے سائبر بلیک میلر کو نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا‘ ملزم مبینہ طور پر خواتین کی تصاویر اور ذاتی معلومات حاصل کرکے انہیں بدنام کرنے اور مواد منظر عام پر لانے کی دھمکیاں دیتا تھا‘ این سی سی آئی اے حکام نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے خواتین کو آن لائن ہراساں‘ بلیک میل اور ان کی نجی معلومات کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلہ میں رحیم یار خان سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ خواتین کو قابل اعتراض تصاویر اور ذاتی معلومات کے ذریعے بلیک میل اور حراساں کرتا تھا۔ملزم مبینہ طور پر خواتین کی ذاتی نوعیت کی تصاویر اور معلومات حاصل کرنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر نشر کرنے کی دھمکیاں دیتا اور اس طرح متاثرہ خواتین کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کرتا تھا۔ حکام کے مطابق ملزم کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ اس کے زیر استعمال موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل مواد کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔  جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فرانزک کے ذریعے ملزمان کی آن لائن سرگرمیوں کا سراغ لگایا جا رہا ہے جبکہ قبضے میں لیے گئے موبائل فونز‘ سوشل میڈیا اکاؤنٹس‘ چیٹس‘ تصاویر‘ ویڈیوز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا فرانزک جائزہ تحقیقات کا اہم حصہ ہے۔

Leave A Comment

Advertisement