تازہ ترین

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت اور آئی ایم ای آئی پیچنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چار تھانوں کی حدود میں بیک وقت ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے موبائل فونز کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔

خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی، تیموریہ اور گلبہار پولیس کی کارروائیوں میںمجموعی طور پر 15 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے اور نشاندہی پر 435 موبائل فونز بشمول قیمتی آئی فونز برآمد کیے گئے۔پولیس نے کارروائیوں کے دوران آئی ایم ای آئی پیچنگ میں استعمال ہونے والے 5 کمپیوٹرز اور 7 جدید لیپ ٹاپس بھی قبضے میں لے لیے۔

تھانہ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے باڑا مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان، تھانہ نیو کراچی پولیس نے جیو موبائل مارکیٹ سے 4، تھانہ تیموریہ پولیس نے سرینہ موبائل مارکیٹ سے 3 ور تھانہ گلبہار پولیس نے 4 ملزمان گرفتار کیے۔ برآمد شدہ موبائل فونز میں 37 آئی ایم ای آئی پیچ شدہ اور 09 چوری و چھینے گئے اینڈرائیڈ موبائل فونز بھی شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان مبینہ طور پر جدید سافٹ ویئر اور کمپیوٹرز کے ذریعے موبائل فونز کی ڈیجیٹل شناخت تبدیل کرنے میں ملوث تھے۔ ملزمان نان پی ٹی اے اور اقساط کی عدم ادائیگی پر بلاک ہونے والے موبائل فونز کی بھی غیر قانونی پیچنگ کرتے تھے جبکہ ڈیجیٹل ٹیمپرنگ کے ذریعے چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی اصل شناخت چھپا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔برآمد شدہ موبائل فونز کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے ذریعے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے، اصل مالکان کی تصدیق اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد برآمد شدہ موبائل فونز ان کے حوالے کیے جائیں گے۔

 

Leave A Comment

Advertisement