پنجاب : موسمِ گرما کی تعطیلات ختم، تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے
پنجاب بھر میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد آج سے تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کے ساتھ ہی صوبے کے تمام سرکاری و نجی سکول دوبارہ کھل گئے۔ طویل تعطیلات کے بعد سکولوں میں ایک بار پھر رونقیں لوٹ آئیں، طلبا و طالبات خوشی اور جوش و جذبے کے ساتھ اپنے تعلیمی اداروں میں پہنچے، جبکہ اساتذہ نے بھی نئے تعلیمی مرحلے کے آغاز پر بچوں کا پرتپاک استقبال کیا۔کلاس رومز میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ہی سکولوں کے صحن اور راہداریاں بچوں کی چہچہاہٹ سے گونج اٹھیں۔
والدین نے بھی بچوں کی سکول واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا تعلیمی سال طلبہ کیلئے کامیابی، محنت اور روشن مستقبل کی نوید ثابت ہوگا۔صوبہ بھر کے سکولوں میں اساتذہ نے بچوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا، کئی سکولوں میں اساتذہ نے بچوں میں چاکلیٹ تقسیم کیں۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے چھٹیوں کے بعد سکول واپسی پر طلباء کو خوش آمدید کہا۔ پنجاب بھر کے سکولوں کیلئے پیر تا جمعہ اوقاتِ کار متعین کر دیئے گئے ہیں، تعلیمی ادارے نوٹیفکیشن میں درج اوقات کار مدنظر رکھتے ہوئے اپنا شیڈول ترتیب دیں، سکولوں کا وقت صبح 8 بجے سے 1.30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔