لاہور : پولیس مقابلہ میں زیرحراست ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
تھانہ ہنجروال کی حدود میں مبینہ طور پر سی سی ڈی اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اختر کے نام سے ہوئی ہے، جو 2 درجن سے زائد مقدمات میں ملوث تھا۔ سی سی ڈی ہنجروال کی ٹیم زیرحراست ملزم کو ریکوری کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرحراست ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔