تازہ ترین

وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی لاہور آمد پر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے 14 کارکن گرفتار کرکے تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی لاہور آمد کے موقع پر ریلی، احتجاجی سرگرمیوں، سڑک بلاک کرنے اور نعرے بازی پر پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 14 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ شاد باغ پولیس نے مزید 2 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔

 پولیس کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق راولپنڈی، لورالائی، کالا شاہ کاکو سمیت مختلف شہروں سے ہے۔ کارکنوں نے سڑک بلاک کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کی اور نعرے بازی کی، جس پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

اکبری گیٹ پولیس نے 9 افراد کو گرفتار کیا، جن کے خلاف ریاست مخالف اقدام کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

قلعہ گجر سنگھ پولیس نے 10 سے 15 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے 5 افراد کو گرفتار کیا۔ مقدمے میں کارِ سرکار میں مداخلت سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزمان نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک کانسٹیبل کی وردی بھی پھاڑ دی۔ گرفتار کارکنوں کے قبضے سے سیاسی جماعت کے جھنڈے اور پوسٹرز بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔مقدمات میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی دورہ لاہور کے دوران شاہ جمال میں پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں اکرم عثمان کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق میاں اکرم عثمان کو گزشتہ رات ریگل چوک سے پولیس نے حراست میں لیا تھا، تاہم ان کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ پولیس نے شاہ جمال اور اچھرہ روڈ کو بھی جزوی طور پر بند کر رکھا ہے، جبکہ میاں اکرم عثمان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے سلسلے میں شاد باغ پولیس نے بھی دو کارکنوں حنظلہ اور طاہر فہیم کے خلاف سڑک بلاک کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement