پنجاب : 16 اکتوبر سے سرکاری سکولوں کے اوقات کار تبدیل
پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے اوقات کار 16 اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک نافذ العمل رہیں گے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ سکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے اور دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر چھٹی ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز سکولوں میں چھٹی دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔
ڈبل شفٹ سکولوں کی صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ایک بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گی، جبکہ جمعہ کے روز صبح کی شفٹ کا اختتام دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔اسی طرح ڈبل شفٹ سکولوں کی دوسری شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر ایک بج کر 30 منٹ سے شام 4 بج کر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ جمعہ کے روز دوسری شفٹ دوپہر 2 بجے شروع ہو کر شام 4 بج کر 30 منٹ پر ختم ہوگی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ طالبات کے سکولوں کے اوقات کار میں 15 منٹ کا فرق متعلقہ سی ای اوز ایجوکیشن ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کر سکیں گے۔