لاہور: سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں 25 سالہ ملزم گرفتار
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کرنے اور ان کی نجی تصاویر و ویڈیوز فحش ویب سائٹس پر فروخت کرنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں 25 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کو شالیمار ٹاؤن میں پاکستان منٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا ۔کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے آئی فون 12 اور آئی فون 13 پرو بھی برآمد کیے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم اسنیپ چیٹ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کم عمر بچوں سے رابطے میں تھا اور مبینہ طور پر ان کا قابل اعتراض مواد حاصل کرکے انہیں بلیک میل کرتا تھا۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ متاثرین کو ان کی نجی تصاویر اور ویڈیوز فحش ویب سائٹس پر فروخت کرنے کی دھمکیاں دے کر مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتا تھا۔حکام کے مطابق موبائل فونز کی ابتدائی جانچ کے دوران ٹک ٹاک پر ہونے والی گفتگو سامنے آئی ہے، جس میں مبینہ بلیک میلنگ اور قابل اعتراض مواد کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرنے کی کوششوں سے متعلق شواہد ملے ہیں۔تفتیشی ٹیم کو متعدد ای میل اکاؤنٹس اور پاس ورڈ مینیجر میں محفوظ اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس کی لاگ اِن تفصیلات بھی ملی ہیں، جن کا ملزم کی آن لائن سرگرمیوں سے تعلق جانچا جا رہا ہے
حکام کے مطابق اسنیپ چیٹ کی جانب سے 11 اکتوبر کو موصول ہونے والی ای میل میں اکاؤنٹ دوبارہ فعال کرنے کے لیے پانچ دن کی مہلت دی گئی تھی۔این سی سی آئی اے برآمد شدہ موبائل فونز، پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ متاثرین کی تعداد اور ممکنہ طور پر دیگر افراد کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا سکے۔