پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون بارشوں کا آخری اسپیل شروع ہوگا: محکمہ موسمیات
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا، جبکہ پنجاب میں مون سون کے آخری اسپیل کے دوران اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون کا آخری اسپیل آج سے شروع ہوگا اور 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور نارووال میں بھی بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔