تازہ ترین

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ٹیموں کے ہمراہ سگیاں میں غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 700 کلو بدبودار اور ایکسپائر گوشت برآمد کرلیا  جبکہ مضر صحت گوشت کو تلف کردیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق تفصیلی معائنے کے دوران برآمد کیے گئے گوشت کی رنگت نیلی پڑ چکی تھی، جبکہ گوشت پر دانے، پانی کی تھیلیاں اور ریشوں میں کیڑے بھی موجود پائے گئے۔برآمد شدہ گوشت مختلف موذی بیماریوں سے متاثرہ اور انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر تھا۔ غیر قانونی سلاٹر اینڈ اسٹوریج ہاؤس رہائشی علاقے میں قائم کیا گیا تھا، جہاں گوشت کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے لیے مقررہ ایس او پیز کی بھی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔فوڈ سیفٹی ٹیموں کے مطابق مذبح خانے کے پاس نہ کوئی لائسنس موجود تھا اور نہ ہی ضروری ریکارڈ، جبکہ گوشت کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے برخلاف زمین پر رکھا گیا تھا۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کے پہنچتے ہی مذبح خانے کا مالک موقع سے فرار ہوگیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران برآمد کیے گئے 700 کلو مضر صحت گوشت کو پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کردیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو مضر صحت اور غیر معیاری گوشت کی فراہمی روکنے کے لیے غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

Leave A Comment

Advertisement