لاہور : کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں میں تصادم، ایک جاں بحق, دوسرا زخمی
کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے مابین جھگڑے کے دوران ایک قیدی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں کے درمیان لنگر کے دوران کچن بند ہونے پر جھگڑا ہوا، جس نے بعد ازاں تصادم کی صورت اختیار کرلی۔جھگڑے کے دوران اشرف نامی قیدی تیز دھار آلہ لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔ جاں بحق قیدی تھانہ مانگا منڈی میں درج قتل کے مقدمے میں جیل میں قید تھا۔پولیس کے مطابق زخمی قیدی فلک شیر جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ فلک شیر فیکٹری ایریا تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں قید ہے۔
واقعے پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ3 ڈی آئی جیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں۔ انکوائری کمیٹی نے زخمی قیدیوں اور جیل عملے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کمیٹی واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے زخمی قیدی کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔