حکومت نے رابطہ نہ کیا تو لانگ مارچ شروع کریں گے، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے وزیراعظم شہباز شریف واپس آچکے ہیں، اگر حکومت نے رابطہ کرکے عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی اپنا لانگ مارچ شروع کرے گی، پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، پٹرولیم لیوی عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ہے، حکومت کو اب ریلیف دینا ہوگا۔جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر دستخطی مہم شروع کردی ہے، دو کروڑ سے زائد افراد سے دستخط لینے کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے، ملتان سے لانگ مارچ شروع کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے بھی قافلے شامل ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار ہوچکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، اب وزیراعظم کو خود مداخلت کرکے معاملہ حل کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کے لیے اب گیند اس کی کورٹ میں ہے۔آئی پی پیز کو کپیسٹی پیمنٹس، حکومتی اخراجات اور پالیسی ریٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کے بجائے حکمرانوں کے اخراجات کم کیے جائیں۔حکومت نے آئی ایم ایف کی جانب سے اخراجات کم کرنے کی ہدایات پر بھی عمل نہیں کیا۔