لاہور: روہی نالے سے گزرتی ٹریکٹر ٹرالی ٹائر برسٹ ہونے سے نالے میں جا گر ی: دو افراد جاں بحق
گجومتہ کے قریب روہی نالے میں ٹریکٹر ٹرالی گرنے کے باعث دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی روہی نالے سے گزر رہی تھی کہ اچانک ٹائر برسٹ ہونے کے باعث بے قابو ہوکر نالے میں جاگری۔ ٹرالی پر سوار دو افراد بھی ٹریکٹر ٹرالی سمیت نالے میں گر گئے۔ ٹرالی پر سوار افراد کے سر پر اینٹیں لگنے سے انہیں شدید چوٹیں آئیں، جس کے باعث دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کی لاشیں نالے سے نکال لیں۔جاں بحق افراد کی شناخت 16 سالہ صغیر مسیح اور 45 سالہ طارق مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔