ٹولنٹن مارکیٹ تشدد کیس: طارق جاوید سمیت ملزمان کی ضمانتیں خارج
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور انتظامیہ کے افسران پر تشدد کے مقدمے میں متعدد ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔عدالت نے پانچ ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانتیں مسترد کر دیں، جبکہ سعد اللہ سمیت سات ملزمان کی عبوری ضمانت بھی خارج کر دی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سردار اکرم خان نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
پولٹری ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر طارق جاوید نے بھی جیل سے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی، جسے عدالت نے خارج کر دیا۔ علی رضا، محمد رضوان، نیاز احمد اور حافظ ساجد نے بھی جیل سے ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
سرکاری وکیل کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ کے تاجروں اور ورکرز پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور انتظامیہ کے افسران پر حملے کا الزام ہے۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر کے مارکیٹ کا دورہ کرنے کے دوران ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، جبکہ ملزمان نے ہجوم کی صورت میں انتظامیہ کے افسران کو گھیر لیا اور ٹیم کے ہمراہ موجود پولیس اہلکاروں پر بھی تشدد کیا۔ٹولنٹن مارکیٹ کے تاجروں پر مردہ مرغیاں فروخت کرنے کا بھی الزام ہے۔ تھانہ شادمان پولیس نے واقعے کے حوالے سے ملزمان کے خلاف دو مقدمات درج کر رکھے ہیں۔