لاہور : گندم کا ریٹ 4 ہزار 750 روپے فی من تک پہنچ گیا، روٹی بھی مہنگی
پنجاب میں سرکاری نرخ کے برعکس گندم، آٹا اور روٹی کی مہنگی فروخت جاری، شہریوں کی جیبوں پر روزانہ لاکھوں روپے کا اضافی بوجھ پڑنے لگا۔ پنجاب میں سرکاری گندم کا نرخ 3 ہزار 800 روپے فی من مقرر ہے، تاہم لاہور سمیت متعدد اضلاع میں گندم 950 روپے تک اضافی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔ لاہور میں گندم کا ریٹ 4 ہزار 750 روپے فی من جبکہ رحیم یار خان میں 4 ہزار 700 روپے فی من تک پہنچ گیا۔ اسلام آباد میں گندم 4 ہزار 800 روپے، پشاور میں 4 ہزار 850 روپے جبکہ کراچی میں 4 ہزار 900 روپے فی من کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔لاہور میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 130 روپے میں فروخت جاری ہے، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا لاہور سمیت متعدد شہروں میں نایاب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 125 روپے میں مارکیٹ میں دستیاب ہے۔
دوسری جانب سادہ روٹی کی مقررہ قیمت 14 روپے کے بجائے مختلف مقامات پر 20 سے 25 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم، آٹا اور روٹی کی قیمتیں ازخود بڑھنے کے باعث شہریوں کو روزانہ گراں فروشی کا سامنا ہے۔ پیرا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی کے دعوے تو کیے جا رہے ہیں، تاہم عملی طور پر صورتحال پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ کارروائی نظر نہیں آ رہی۔