لاہور پولیس ان ایکشن،31ون ویلرز گرفتار
جشن ِآزادی کے پیش نظر ویلنگ اور روڈ ریسنگ کی روک تھام کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے گزشتہ سال سے اب تک ون ویلنگ میں ملوث تمام موٹرسائیکلوں کو بلیک لسٹ کروا دیا ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق 120 سے زائد موٹرسائیکلیں بلیک لسٹ کی گئی ہیں، جو سیف سٹی کیمروں کی نظر میں آتے ہی فوری کارروائی کی زد میں آئیں گی۔ون ویلنگ، روڈ ریسنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، جبکہ روڈ بلاک کرکے ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف بھی قانون حرکت میں آئے گا۔ ون ویلرز اور روڈ بلاک کرنے والے شرپسند عناصر کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے مدد لی جائے گی۔جشنِ آزادی کے پیش نظر لاہور کی سڑکوں پر ون ویلنگ اور روڈ ریسنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق ماہِ اگست میں مختلف کارروائیوں کے دوران 31 ون ویلرز گرفتار جبکہ 29 مقدمات درج کیے گئے۔ رواں سال اب تک ون ویلنگ کے 962 ملزمان گرفتار اور 910 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ یومِ آزادی پر قانون شکنی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔