کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ، 85 افراد زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات ہوئے، گولی لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ 85 افراد زخمی ہوئے۔نامعلوم سمت سے آئی گولی لگنے سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔طبی امداد کے لیے جناح اسپتال، سول اسپتال اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔گلشن اقبال سے ہوائی فائرنگ میں ملوث سیکیورٹی گارڈ اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
فائرنگ کے واقعات لیاری، صدر، کورنگی، ملیر، عزیز آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبہار، گلشن اقبال، اورنگی ٹاؤن، جمشید کوارٹر، کورنگی اور ڈیفنس سمیت دیگر علاقوں میں پیش آئے۔ فائرنگ کے الزام میں کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔پاپوش نگر میں ہوٹل میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق ہوٹل کی میز پر پستول رکھتے ہوئے حادثاتی فائر ہوا اور گولی خاتون کو لگی، خاتون کے کزن ملزم عمران کو گرفتار کر لیا گیا۔