تازہ ترین

رحیم یار خان (أن لائن)معروف صنعتکار و گروپ لیڈر حاجی محمد ابراہیم اور انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے سابق صدر چودھری نعمان مقصود نے کہا ہے کہ چیمبر اور غلہ منڈی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ تاجر برادری کے معتبر ادارے ہیں، جہاں آئین اور قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ کسی کو ون مین شو یا خود ساختہ الیکشن کے ذریعے اپنی چودھراہٹ مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرپرست اعلیٰ انجمن آڑھتیاں حاجی ریاض احمد گجر، چودھری عبدالحمید باجوہ، چودھری محمد جاوید، چودھری ظفر اقبال اور امجد شبیر ببر سمیت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد ابراہیم نے کہا کہ چیمبر اور غلہ منڈی کاروباری طبقے کے مشترکہ ادارے ہیں، انہیں کسی کے باپ کی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا۔ دانشور لیڈران کو چاہیے کہ وہ حقیقت اور سچائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کریں،  ان کے یہی فیصلے مستقبل کی سیاست اور بڑے الیکشنوں کی سمت کا تعین کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 12 جولائی کو انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کا الیکشن ہے، جس میں تقریباً 222 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے اور جو بھی جمہوری طریقے سے جیتے گا، اسے کھلے دل سے ہار پہنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقریباً 35 سے 40 آڑھتیوں نے فیس جمع نہیں کروائی، جس کی بناء پر وہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکے۔ اگر ایک دو لوگوں کی چودھراہٹ مسلط کرنے اور کسی کا حق چھیننے کے لیے ڈاکا ڈالا جائے گا تو لڑائی ناگزیر ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چودھری محمد شفیق ان کے چھوٹے بھائی ہیں اور وہ دونوں ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

سابق صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی چودھری نعمان مقصود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کو سیاست اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر کام کرنا چاہیے۔ بدقسمتی سے چند عناصر نے ان اداروں کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا ہے، ہم نے خوف کے بت توڑ دیے ہیں اور ہمارا واحد مقصد ادارے کی عزت و وقار اور آڑھتی برادری کے حقوق کا تحفظ ہے۔ اب الیکشن کمیشن کی تشکیل کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری ہو چکا ہے اور یہ پورا عمل آئین و قانون کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

Leave A Comment

Advertisement