رحیم یار خان : سرکاری سکول کے واش روم میں کرنٹ لگنے سے7سالہ طالبہ کی ہلاکت’ تین سکول ٹیچروں کے خلاف مقدمہ درج
رحیم یار خان(أن لائن)سرکاری سکول کے واش روم میں کرنٹ لگنے سے7سالہ طالبہ کی ہلاکت’ پولیس نے چچا کی مدعیت میں تین سکول ٹیچروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا’ طالبہ کی ہلاکت پرچیف ایگزیکٹوآفیسرایجوکیشن کاسخت نوٹس’ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سکول ہیڈماسٹرمتعلقہ ٹیچرزمعطل’ پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی گئی’ موضع دودھانائچ کی رہائشی7سالہ مقدس جوکہ گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول گوئینڈ والاکی طالبہ تھیں جوکہ گزشتہ روز سکول کے واش روم میں گئی اورٹونٹی سے کرنٹ لگنے کے باعث موقع پرہی جاں بحق ہوگئی’ اطلاع ملنے پر ورثاء نے مقدس کی ہلاکت کاسکول اساتذہ محمدطلعت نعمان’ محمدعاصم نواز’ محمدعامرسلیم’ ودیگر کوذمہ دار قراردیا’پولیس نے متوفی طالبہ مقدس کے چچا محمدسلیم کی مدعیت میں سکول اساتذہ طلعت نعمان’ عاصم نواز’ عامرمسلم ودیگرکے خلاف زیردفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
کرنٹ لگنے سے طالبہ کی ہلاکت پر چیف ایگزیکٹوآفیسرایجوکیشن اعظم رانا نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طورپراسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سکول ہیڈماسٹر اورمتعلقہ ٹیچرز وعملہ کوفوری طورپرمعطل کرکے واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جومختلف پہلوؤں کاجائزہ کے علاوہ شواہد اورمتعلقہ افراد کے بیانات کی روشنی میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی جبکہ معطل کیئے گئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر’سکول ہیڈماسٹر ٹیچرزوعملہ کے خلاف پیڈاایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔طالبہ کی کرنٹ لگنے سے ہلاکت پرعلاقہ مکینوں اوروالدین میں گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کامطالبہ کیاہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی کرنٹ لگنے سے طالب علم کی ہلاکت ہوئی تھی۔