تازہ ترین

رحیم یارخان(أن لائن )ٹرالر نے سڑک کنارے کھیلنے والے نوعمرلڑکے کوکچل ڈالا‘ تیزرفتار کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر‘ سڑک کراس کرنے والا معمرشخص نامعلوم تیزرفتارگاڑی کی زد میں آگیا‘ موٹرسائیکلوں میں تصادم‘ 5سالہ کمسن بچے سمیت 4جاں بحق

پہلا حادثہ خیرپور کھڈالی کے رہائشی 54سالہ جام نواز کے ساتھ پیش آیا جو اپنی بیوی نسیم مائی اور عزیز اویس مشتاق کے ہمراہ موٹرسائیکل نمبری DNM 6279پر چک عباس جارہاتھا کہ سامنے سے آنیوالی تیزرفتارکارنمبری BMZ 214نے ٹکرماردی جس کے نتیجہ میں 54سالہ جام نواز زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ اویس اورنسیم مائی زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو کی مدد سے ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ نامعلوم کار ڈرائیور کار سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔

دوسرا حادثہ مڈمنٹھار کے رہائشی 13 سالہ محمدعمر کے ساتھ پیش آیا جسے سڑک کنارے کھیلنے کے دوران محمدپورانٹرچینج کے نزدیک ٹرالر نمبری JW 0527نے کچل ڈالا جسے شدید زخمی حالت میں موقع پر موجود افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم محمدعمر زخموں کی تاب نہ لاتے ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑگیا جبکہ ٹرالر ڈرائیور ٹرالر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

تیسرا حادثہ مومبارک کے رہائشی 85 سالہ کرم حسین کے ساتھ پیش آیا جسے سڑک کراس کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی نے کچل ڈالا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں کرم حسین زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑگیا جبکہ چوتھا حادثہ خانپور کے رہائشی 5سالہ فرقان کے ساتھ پیش آیا جسے موٹرسائیکلوں کے تصادم میں زخمی ہونے پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں کمسن فرقان جانبرنہ ہوپایا اور دم توڑگیا۔

Leave A Comment

Advertisement