عالمی مارکیٹ یا آئی ایم ایف کا دباؤ؟ پیٹرولیم قیمتوں میں 100 روپے تک اضافے کا امکان
حکومت ممکنہ طور پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی نئی شرائط پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کر کے ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں فی لیٹر 100 روپے تک اضافہ کر سکتی ہے۔ اگر فی لیٹر 100 روپے تک اضافہ کیا جاتا ہے تو اس کا براہ راست اثر عوام پر پڑے گا، موجودہ قیمتوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت 393.35 روپے فی لیٹر ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 380.19 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔مجوزہ اضافے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریباً 493.35 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 480.19 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔حکومت جمعہ کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
اپریل 2026 میں حکومت نے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 107 روپے فی لیٹر سے بھی اوپر پہنچا دیا جس سے مہنگائی کے پہلے سے دباؤ میں مزید اضافہ ہو گیا اور عوامی تشویش میں شدت آ گئی، یہ اضافہ بعض اوقات ایک ہی بار میں 50 روپے سے بھی زیادہ رہا ہے جو آئی ایم ایف کے مالیاتی اہداف پورے کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ بتایا جا رہا ہے،اس کے نتیجے میں مالی سال کے ابتدائی نو ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مجموعی وصولیاں 1.2 ٹریلین روپے سے تجاوز کر چکی ہیں۔