رحیم یارخان : تھانہ ائیر پورٹ اور سٹی خان پور پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتار
رحیم یارخان (أن لائن) تھانہ ائیر پورٹ اور سٹی خان پور پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک ایک زخمی حالت میں گرفتار، ناجائز اسلحہ اور ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل برآمد۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت اور سرکل پولیس افسران کی نگرانی میں ایس ایچ اوز اور ان کی ٹیمز کا عوام کی جان ومال کے تحفظ اور امن و امان کے تسلسل کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ ہے۔
تھانہ ائیر پورٹ کے سب انسپکٹر عمران اشرف دیگر پولیس پارٹی نے پل سیم نالہ پر ناکہ بندی کے دوران تین موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے بھی حکمت عملی کے تحت جوابی فائرنگ کی اسی دوران اطلاع پر ایس ایچ او یونس جاوید مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے فائرنگ تھمنے پر سرچ آپریشن کے دوران فیضان فرید عرف شانہ مانک نامی ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں ناجائز اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی راہ فرار اختیار کر گئے.
دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ سٹی خان پور کے علاقہ فضل گارڈن کے قریب پیش آیا جس میں ایس ایچ او عاصم شفیق پولیس پارٹی کے ہمراہ خفیہ ناکہ بندی کیے ہوئے تھے اسی دوران تین موٹر سائیکلوں پر سوار چار اشخاص کو رکنے کا اشارہ کیا تو مسلح ملزمان نے ناکہ بندی توڑتے ہوئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، پولیس نے تعاقب کیا تو کچھ فاصلے پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر دو نامعلوم ڈاکو ہلاک مردہ حالت میں ملے جبکہ ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ بھی ملا جو کہ قبضہ پولیس میں لے لیا گیا جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کے ساتھی موٹر سائیکلوں سمیت موقع سے راہ فرار اختیار کر چکے تھے.دونوں پولیس مقابلوں کے مقدمات درج رجسٹر کر لیے گئے ہیں۔