تازہ ترین

بھونگ میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح، عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا، سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے نادرا آفس کو عوام کے لیے تحفہ قرار دے دیا، بھونگ میں نادرا آفس کا باقاعدہ افتتاح سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ کے دستِ مبارک سے کر دیا گیا۔ اس موقع پر بھونگ اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، معززینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے نادرا آفس کے قیام کو بھونگ کی عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ قرار دیا اور کہا کہ علاقے کی غیور عوام کے لیے ان کی خدمات کا سلسلہ پہلے کی طرح جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ جیسی بنیادی سہولت بھونگ اور گردونواح کے عوام کو اپنے وعدے کے مطابق فراہم کر دی گئی ہے۔  نادرا آفس کو یونین کونسل آفس کے ساتھ بھی لنک کر دیا گیا ہے، تاکہ شہری ایک ہی چھت تلے قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بآسانی بنوا سکیں اور انہیں بار بار 50 کلومیٹر کا سفر کرنے، وقت کے ضیاع اور اضافی معاشی بوجھ سے نجات مل سکے، سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھونگ کے لیے اب تک سترہ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ عنقریب سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بھونگ میں میپکو کا ایس ڈی او آفس بھی فعال کر دیا جائے گا، جس سے علاقے کے بجلی سے متعلق مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ انھوں نے ڈائریکٹر جنرل نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور جی ایم نادرا ملتان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے یہ اہم منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔ اس موقع پر نادرا آفس بھونگ کی انتظامیہ کو آفس کے کامیاب آغاز پر مبارکباد بھی دی گئی۔

واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد ایڈووکیٹ نے اپنی ذاتی زمین پر، علاقے کے اسٹیٹس کے مطابق، ایک بہترین عمارت تعمیر کروا کر تزئین و آرائش کے بعد نادرا آفس مینجمنٹ کے حوالے کی تھی، جس کا آج باضابطہ افتتاح عمل میں لایا گیا۔ عوامی حلقوں نے نادرا آفس کے قیام کو ایک تاریخی اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا ہے۔

Leave A Comment

Advertisement