رحیم یارخان:دیرینہ دشمنی پر ملزمان نے دن دیہاڑے فائرنگ کرکے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتاردیا,ملزمان فرار
دیرینہ دشمنی پر گھات لگا کر بیٹھے ملزمان نے دن دیہاڑے فائرنگ کرکے 30سالہ نوجوان کو موت کے گھاٹ اتاردیا‘ ملزمان فرار‘ ورثاء کا نعش ہسپتال کے مرکزی گیٹ کے باہر رکھ کر احتجاج‘ ایس پی انوسٹی گیشن کی ورثاء کوملزمان کوگرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی۔
چک 114پی کا رہائشی 30سالہ تابش نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد پیدل گھرجارہاتھا کہ اسی دوران گھات لگاکر بیٹھے ملزمان یاسر اورشان نے جان سے مارنے کیلئے تابش پر فائرنگ کردی۔ سینے میں فائر لگنے کے نتیجہ میں تابش زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا تاہم ورثاء نے اسے ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔
فریقین کے درمیان عرصہ سے دشمنی چلی آرہی ہے جس کے نتیجہ میں متعدد جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ ورثاء کی جانب سے تابش کی نعش کوشیخ زاید ایمرجنسی مین گیٹ کے سامنے رکھ کر احتجاج کیاگیا تاہم اسی دوران ایس پی انوسٹی گیشن بھی پہنچ گئے جنہوں نے ورثاء کو ملزمان کی جلدازجلدگرفتار کا یقین دلایا۔ بعدازاں پولیس نے مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے تحویل میں لیکر فرار ہونیوالے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔