تازہ ترین

پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ یونین ایسوسی ایشن کے چیئرمین جنوبی پنجاب و ضلعی صدر گڈز ٹرانسپورٹ محمد سلیمان خان نے دیگر عہدیداران اور ساتھیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت سمیت آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش سنگین مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے۔محمد سلیمان خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مگر آئے روز ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

حکومت ہر آٹھ سے دس دن بعد پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیتی ہے جس کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام شہری بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ٹرانسپورٹرز پہلے ہی بھاری ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، روڈ ٹیکس، ٹول ٹیکس، موٹر وہیکل فیس، ٹریفک پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے، موٹروے پولیس سمیت مختلف اداروں کے جرمانے ادا کرنا پڑتے ہیں، جبکہ اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن اور رات کے اوقات میں کاروباری پابندیوں کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو رہا ہے کیونکہ اصل کاروباری سرگرمیاں رات کے وقت ہوتی ہیں، مگر دکانیں جلد بند ہونے سے سامان کی ترسیل میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافے کا براہ راست بوجھ عوام پر منتقل ہوتا ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت فوری طور پر ہوش کے ناخن لے اور ڈیزل و پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف مل سکے۔
محمد سلیمان خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کیے جائیں، ناجائز جرمانوں اور اضافی ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے اور کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائی جائیں تاکہ ملک کا ٹرانسپورٹ سیکٹر دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔پریس کانفرنس میں یونین کے دیگر عہدیداران اور ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے حکومت کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

Leave A Comment

Advertisement