رحیم یارخان: عیدالاضحی کے بعد سرکاری ملازمین بھرپور احتجاجی تحریک کاآغاز کریں گے : محبوب خان
رحیم یارخان(آن لائن) عیدالاضحی کے بعد سرکاری ملازمین بھرپور احتجاجی تحریک کاآغاز کریں گے‘ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وفاقی اور صوبائی بجٹ کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیاجائیگا‘ سرکاری ملازمین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ حکومت ملازمین کی مراعات میں کٹوتیاں اور مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اورالاؤنسز میں اضافہ نہ کرکے ملازم دشمنی کاثبوت دے رہی ہے‘ ہوشرباء مہنگائی کے باعث ملازمین کیلئے عیدکی خوشیاں مانند پڑگئی ہیں اور ملازمین عیدسادگی سے منائیں گے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔
ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈالائنس کے ضلعی صدر محبوب خان نے دیگر تنظیموں کے عہدیداران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ٹیچریونین جنوبی پنجاب کے صدر جام اعجازاحمد‘ پنجاب ٹیچریونین (قیصرگروپ) کے جلیل احمدبھٹی‘ چوہدری محمداختر‘انصاف ٹیچر یونین کے محمدیٰسین‘ کلاس فور ایسوسی ایشن کے میاں افتخار‘ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے گلزار اعوان‘ محمدشاکر ودیگر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ملازمین کوسبز باغ دکھائے اور جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا ہے لیکن اب ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریزہوچکا ہے اور اب ہم کسی جھوٹے وعدے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیوان کیش منٹ‘ رولز 17Aکی بحالی‘ محکمہ صحت اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس‘ 30فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس‘ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور دیگر الاؤنسز میں فوری اضافہ سمیت تمام مطالبات تسلیم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپیکا اوراگیگا کے پلیٹ فارم پر ملازمین کی تمام تنظیمیں متحد ہیں اور عیدالاضحی کے بعد سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی جبکہ وفاقی اورصوبائی بجٹ کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیاجائیگا۔