تازہ ترین

کچہ کی تقدیر بدلنے جا رہی ہے‘ محرومی‘ بدامنی اور خوف کی علامت سمجھے جانیوالے اس وسیع خطے میں امن‘ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونیوالا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی جانب سے کچہ ایریا کیلئے 23 ارب روپے کے تاریخی ترقیاتی پیکیج کے اعلان کو جنوبی پنجاب‘ خصوصاً کچہ کے عوام کیلئے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یار خان میں ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) و ممبر قومی اسمبلی سردار اظہر خان لغاری، سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ فیاض الدین، معروف صنعتکار و چیئرمین فاؤنڈر گروپ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد ابراہیم اور ڈویژنل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں خالد شاہین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیکیج دہائیوں سے محرومی کا شکار لاکھوں افراد کے لیے تاریخ ساز اور عملی کوشش ہے۔ اس موقع پر سابق وائس چیئرمین بلدیہ عبد اللطیف بھٹی، صوبائی ٹکٹ ہولڈر زوہیر طارق چوہان، سابق کونسلر چودھری ظفر یاسین، ضلعی صدر انجمن آڑھتیاں چودھری نعمان مقصود اور سردار فاروق خان لغاری بھی موجود تھے۔ سردار اظہر خان لغاری نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج کے تحت 7 ارب 10 کروڑ روپے امن و امان کے مستقل قیام، 13 ارب 90 کروڑ روپے بنیادی و سماجی ڈھانچے کی تعمیر جبکہ ایک ارب 70 کروڑ روپے دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔“اپنا کھیت، اپنا روزگار”پروگرام کے تحت 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد کو فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور زرعی خود کفالت کے مواقع میسر آئیں۔

منصوبے کے تحت 65 سکولوں کی بحالی و اپ گریڈیشن، 16 نئے سکولوں اور 2 گرلز کالجوں کا قیام، 108 کلومیٹر گلیوں کی پختگی، 144 کلومیٹر سڑکوں پر مشتمل 27 ترقیاتی منصوبے، موبائل ہیلتھ یونٹس، لائیو اسٹاک کیلئے متحرک ویٹرنری سروسز، نئے تھانے اور چیک پوسٹس، سیف سٹی نگرانی نظام، شمسی توانائی سے چلنے والی جدید فضائی نگرانی، مثالی دیہات، نکاسی آب کے منصوبے اور کھیلوں کے میدان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 300 ہونہار طلبہ کیلئے وظائف، 300 طلبہ کو لیپ ٹاپ، 6551 طالبات کیلئے سکول میل پیک اور نادرا رجسٹریشن کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ سیاسی و سماجی شخصیت حاجی محمد ابراہیم نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے کچہ میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، جو کہ حکومتی رٹ کے قیام کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز، ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ اور ڈی پی او عرفان علی سموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے باعث جرائم پیشہ عناصر کا دائرہ محدود ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ثابت کیا ہے کہ وہ صوبے کے محروم ترین علاقوں کو بھی نظر انداز نہیں کریں گی۔ کچہ اب صرف جرائم کی خبروں سے نہیں پہچانا جائے گا بلکہ یہ خطہ زراعت، تعلیم، روزگار، جدید انفراسٹرکچر اور امن کی نئی مثال بنے گا۔ سابق ایم این اے شیخ فیاض الدین نے کہا کہ خانپور پارک منصوبہ میاں نواز شریف کے دور میں شروع ہوا تھا اور اب اس کی بحالی و توسیع کیلئے بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگست میں جنوبی پنجاب کا واحد کیڈٹ کالج بھی فعال ہو جائے گا، جس سے خطے کے طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ میاں خالد شاہین نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی حکومت نے کچہ کے مسئلے کو صرف جرائم اور پولیس کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے اسے سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کے تناظر میں دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 23 ارب روپے کا یہ پیکیج نہ صرف امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گا بلکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی سے علاقے میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدامات سے کچہ کا نقشہ بدل جائے گا اور یہ علاقہ مستقبل میں امن، تعلیم، زراعت اور ترقی کی نئی مثال بن کر ابھرے گا۔ اس موقع پر صدر پریس راؤ نعمان اسلم، جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری، عہدیداران و ممبران پریس کلب کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Leave A Comment

Advertisement