رحیم یار خان : موٹروے پولیس کی بڑی کارروائی، گندم کی غیر قانونی اسمگلنگ کی کوشش ناکام
موٹروے پولیس ایم-5 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گندم کی بھاری کھیپ پنجاب سے سندھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس نے رحیم یار خان کے قریب ایک مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گندم برآمد ہوئی۔ برآمد ہونے والی گندم غیر قانونی طور پر پنجاب سے سندھ منتقل کی جا رہی تھی، جس پر موٹروے پولیس نے فوری طور پر محکمہ خوراک پنجاب کو اطلاع دی۔محکمہ خوراک کے افسران موقع پر پہنچے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ٹرک، گندم اور ڈرائیور کو مزید کارروائی کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔محکمہ خوراک پنجاب نے موٹروے پولیس کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قانون کے نفاذ میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔