تازہ ترین

سرکاری ملازمین بنیادی حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے‘ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے‘ پنجاب حکومت بے حسی چھوڑ کر سرکاری ملازمین کے بنیادی حقوق بحال اور مطالبات کی منظوری کا اعلان کرے، وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے ریٹائر ملازمین کو بھی برابری کی سطح پر مراعات اور حقوق دئیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے ضلعی صدر محبوب خان‘ وائس چیئرمین جام مجاہد اور پنجاب ٹیچریونین کے نائب صدر چوہدری محمداختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محبوب خان نے کہا کہ اپیکا‘ اگیگا کے پلیٹ فارم پر تمام تنظیمیں متحد ہوچکی ہیں اور اپنے حق کیلئے بھرپور یکجہتی کیساتھ میدان عمل میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بنیادی مطالبات لیوان کیش منٹ‘ پنشن ترامیم‘ رولز 17A بحال‘ تنخواہوں اورالاؤنسز میں اضافہ سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سمیت باقی صوبوں کے ملازمین مراعات لے رہے ہیں جبکہ پنجاب کے سرکاری ملازمین ان بنیادی مراعات سے محروم ہیں۔ اسی طرح ریٹائر ملازمین کو بھی وفاق اور دیگر صوبوں کی طرح برابری کی سطح پر مراعات اور حقوق دئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگیگا کی قیادت رواں ماہ میں بھرپور احتجاجی تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی جس پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھاجائیگا۔