کچہ میں اغواء کا ڈرامہ بے نقاب، فرضی ویڈیو بنانے والا گروہ گرفتار ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او  نے ڈی پی او آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کچہ میں مبینہ اغواء کے ڈرامے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ 13 مئی کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نور دین نامی شخص کو دو مسلح افراد کے ساتھ دکھایا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ اسے کچہ کے علاقے سے اغواء کر لیا گیا ہے۔

واقعہ کے بعد اسلام آباد میں اغواء کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا تھا۔ڈی پی او نے بتایا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد رحیم یارخان پولیس، اسلام آباد پولیس، ملٹری انٹیلی جنس اور سی سی ڈی نے مشترکہ تحقیقات شروع کیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے چند گھنٹوں میں نور دین کو ٹریس کر لیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ شخص اپنی گاڑی اسلام آباد میں کھڑی کر کے کراچی چلا گیا تھا جہاں اس نے اپنے پرانے دوستوں، جن کا تعلق کچہ کے علاقے سے تھا، کے ساتھ مل کر فرضی اغواء کی ویڈیو تیار کی۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ نور دین اور اس کے ساتھی کچہ کے علاقے میں گھومتے پھر رہے تھے اور خود ہی ویڈیو بنا کر اغواء کا تاثر دے رہے تھے، حالانکہ حقیقت میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔ اس ڈرامے میں شامل تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave A Comment

Advertisement