رحیم یار خان: پولیس کی اندھڑ گینگ کے سرغنہ کے خلاف کارروائی، ٹھکانے مسمار
پولیس نے کچے کے علاقے میں اندھڑ گینگ کے سرغنہ کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور اس دوران گینگ کے ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔رحیم یار خان پولیس نے بتایا کہ پولیس نے انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈاکو تنویر اندھڑ کے مورچوں پر کارروائی کی اور اس دوران ڈاکو اندھڑ مورچہ چھوڑ کر جنگل میں فرار ہوگیا۔ علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ اندھڑ گینگ کا سرغنہ تنویر عرف دادو اندھڑ پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب ہے اور اس کے سر کی قیمت محکمہ داخلہ نے ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی ہے۔کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ آپریشن ڈی پی او کی قیادت میں کیا گیا اور ڈاکو تنویر اندھڑ کے مورچوں پر پولیس نے قبضہ کیا اور ٹھکانے مسمار کر دیے ہیں۔